نئی دہلی، 15/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)موڈیز انویسٹر سروس کا ماننا ہے کہ اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ملی شاندار جیت اور دیگر ریاستوں میں قابل ذکر سبقت سے اسے راجیہ سبھا میں اکثریت حاصل ہو سکتی ہے، جس سے اس ملک میں اقتصادی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔موڈیزنے اپنی ایک رپورٹ ’گورنمنٹ آف انڈیا:اسٹیٹ الیکشن ڈیمانسٹریٹ براڈ سپورٹ فار ریفارم ایجنڈا، اے کریڈٹ پازیٹو‘میں کہاکہ ہندوستان میں 2017کے اسمبلی انتخابات کے نتائج سے ظاہرہوتا ہے کہ حکومت ہند کی پالیسیوں کو عوام کی حمایت حاصل ہے، اس سے اصلاحات کو آگے بڑھانے اور اس کو نافذ کرنے میں مدد ملے گی، یہ ملک کی قرض ساکھ کے لیے اچھا ہے۔واضح رہے کہ ابھی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے پاس لوک سبھا میں واضح اکثریت ہے جبکہ راجیہ سبھا میں اس کے پاس اکثریت نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق، ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا (راجیہ سبھا)میں پارٹی (بی جے پی)اب اپنی تعداد بڑھائے گی، حالانکہ یہ فوری طور پر نہیں ہو گا۔موڈیز کے نائب صدر اور سینئر ر افسر ولیم فاسٹر نے کہاکہ حکمراں بی جے پی کو انتخابات میں جیت کا فوری فائدہ نہیں ملے گا کیونکہ ایوان بالا میں تبدیلی صرف اگلے سال ہی ممکن ہوگی، جب کچھ رکن ریٹائرڈ ہوں گے۔فاسٹر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ملی جیت کو ایوان بالا میں سرکاری پالیسیوں کی حمایت میں تبدیل کرنا چاہیے تاکہ اضافی اصلاحات کے راستے پر آگے بڑھ کر ان کو لاگو کیا جا سکے۔